Thursday, April 25, 2024

حکومت پانامہ انکشافات پر کمیشن کے قیام کے عمل کو شفاف بنائے، خورشید شاہ کا وزیراعظم نوازشریف خط

حکومت پانامہ انکشافات پر کمیشن کے قیام کے عمل کو شفاف بنائے، خورشید شاہ کا وزیراعظم نوازشریف خط
May 5, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے وزیراعظم  نوازشریف کو خط ارسال کر دیا ہے۔ خط کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ ٹی او آرز بھی منسلک کیے گئے ہیں۔ خورشید شاہ نے پانامہ لیکس انکشافات کی تحقیقات کے لئے خط وزیراعظم کو بھجوا دیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پانامہ پپرز کے اہم انکشافات کے بعد پاکستان انتہائی نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ اس صورتحال میں ضروری ہے کہ حکومت پانامہ انکشافات پر بنائے جانے والے کمیشن کے قیام کے عمل کو شفاف بنائے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ پانامہ کے سلسلے میں تمام شکوک وشبہات دور کیے جائیں۔ وزیراعظم اپنے عہدے کا تقدس برقرار رکھنے کے لئے اپنے اور اپنے اہل خانہ کے بارے میں تمام الزمات کا جواب دیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو لکھے جانے والے خط کے ڈرافٹ پر شاہ محمود قریشی، سراج الحق، حاجی غلام احمد بلور، آفتاب احمد خان شیرپائو، چوہدری پرویز الٰہی، شیخ رشید احمد، فاروق ستار اور میر اسرار اللہ زہری سے ٹیلیفونک رابطے کر کے انہیں اعتماد میں لیا جا چکا ہے۔ خورشید شاہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے ساتھ ٹی او آرز کو بھی منسلک کیا گیا ہے۔ ٹی او آرز گزشتہ دنوں تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ایک اجلاس کے بعد متفقہ طور پر منظور کئے گئے تھے اور انہیں ایوان وزیراعظم بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔