Saturday, April 20, 2024

 حکومت نےکراچی گرین لائن بس سسٹم کیلئے پانچ ارب جاری کر دیے ہیں : احسن اقبال

 حکومت نےکراچی گرین لائن بس سسٹم کیلئے پانچ ارب جاری کر دیے ہیں : احسن اقبال
June 8, 2015
اسلام آباد (92نیوز)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگلے بجٹ میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لیے خصوصی ترقیاتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،کراچی گرین لائن بس سسٹم کے لیے 5 ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں فاٹا اور بلتستان میں پہلی بار یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اگلے بجٹ میں چھوٹے صوبوں میں خصوصی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،کراچی پشاور موٹر وے ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کی جائے گی۔ نوجوانوں کے لیے 20 ارب روپے کے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 20 ارب 50 کروڑ روپےکے فنڈز مختص کیے گئےہیں۔ چاروں صوبوں میں نوجوانوں کو میرٹ پر اسکالر شپس کے لیے 10 ارب روپے کا فنڈز مختص کیا گیا ہے جب کہ سائنس کے طلباٗ میں 500 اسکالرشپس جاری کیے جائیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ دسمبر 2016 میں مکمل کرلیا جائے گا، لواری ٹنل کو ترجیحی بنیادوں پر دسمبر 2017 میں مکمل کیا جائے گا۔ گوادر کوئٹہ موٹروے دسمبر 2016 میں مکمل کرلی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گرین لائن بس سسٹم منصوبے کے لیے 5 ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں۔