Sunday, September 8, 2024

حکومت نے ملک بھر میں یوٹیوب بحال کرنے کی ہدایت کر دی

حکومت نے ملک بھر میں یوٹیوب بحال کرنے کی ہدایت کر دی
January 18, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب کے پاکستانی ورژن کو ملک بھر میں 48 گھنٹے کے اندر بحال کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت آئی ٹی کے حکام کا دعویٰ ہے کہ گوگل نے یوٹیوب سے گستاخانہ مواد ہٹا دیا ہے اور آئندہ گستاخانہ یا ناپسندیدہ مواد پاکستان کی درخواست پر فوری ہٹایا جا سکے گا۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے ذرائع نے بھی یوٹیوب کے حوالے سے دی گئی ہدایات کی تصدیق کی ہے۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق یو ٹیوب کی بحالی کے لیے تمام اقدامات کرلیے گئے ہیں اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ سسٹم کو چیک کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزارت آئی ٹی نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو اس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کردی ہیں جبکہ پی ٹی اے نے گستاخانہ مواد ہٹائے جانے سے متعلق سپریم کورٹ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ یاد رہے کہ گستاخانہ مواد کے باعث ستمبر 2012ءسے پاکستان میں یوٹیوب پر پابندی عائد تھی۔