Sunday, May 5, 2024

حکومت نے پٹرول مہنگا کیوں کیا، وجوہات سامنے آگئیں

حکومت نے پٹرول مہنگا کیوں کیا، وجوہات سامنے آگئیں
June 27, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) حکومت نے پٹرول مہنگا کیوں کیا؟، وجوہات سامنے آ گئیں، پٹرول بحران کے خاتمے کیلئے آئل کمپنیوں  اور ریفائنریزکا مطالبہ مانا گیا ۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پی ایس او کو یومیہ 1ارب روپے نقصان سے نکالا گیا ، جولائی میں  صارفین سے 75ارب روپے وصول کئے جائیں گے، حکومت جولائی میں پٹرولیم لیوی کی مد میں 45ارب روپے وصول کرے گی۔حکومت کو جی ایس ٹی 8ارب روپے اضافے سے 25ارب روپے ملے گا۔

آئندہ مالی سال  پٹرولیم لیوی کی مد میں 450ارب روپے وصول  کرنے کا ہدف ہے ، رواں مالی سال میں عوام سے  پٹرولیم لیوی  وصولی کا ہدف 250ارب روپے تھا۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ  ریگولیٹری ڈیوٹی کی مد میں 5ارب روپے سے زائد رقم وصول کی جائے گی ، آئندہ مالی سال پٹرولیم مصنوعات کے صارفین انتہائی بھاری ثابت ہوگا۔

عوام کو سستے تیل کیلئے خون کے آنسو رلانے والی کمپنیوں  کی پانچوں انگلیاں گھی میں آ گئیں ، ذرائع کے مطابق چند روز قبل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے سستا تیل درآمد کیا گیا۔

شیل پاکستان نے 35ہزار ٹن کا کارگو جہاز درآمد کیا  ، حیسکول نے بھی 35ہزار ٹن کا تیل سستے داموں درآمد کیا  ، پی ایس او نے 45ہزار ٹن کا آئل ٹینکر درآمد کیا  ۔

وافر مقدار میں ذخائر کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا ، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق نئی درآمد پر ہونا چاہئے تھا  ، ذخائر پر قیمت  بڑھانے سے او ایم سیز اور اور حکومت کے ریونیوں میں اضافہ ہوگا ۔

پٹرول مہنگا ہونے سے شہریوں کو مہنگائی کا دگنا عذاب بھگتنا پڑے گا۔