Saturday, April 20, 2024

حکومت نے پٹرول 4 روپے فی لٹرمہنگا کردیا

حکومت نے پٹرول 4 روپے فی لٹرمہنگا کردیا
October 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بڑا بوجھ ڈال دیا گیا۔ پٹرول 4 روپے، ڈیزل 2 روپے اور مٹی کا تیل 7 روپے 5 پیسے فی لٹرمہنگا ہوگیا۔ 

حکومت نے پٹرول بم گرا دیا، قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی قیمت 127 روپے 30 پیسے ہوگئے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے مہنگا ہوگیا۔ قیمت 120 روپے 4 پیسے سے بڑھ کر 122 روپے 4 پیسے پرجا پہنچی۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ اب مٹی کا تیل 92 روپے 26 پیسے کے بجائے 99 روپے 31 پیسے میں ملے گا۔

لائٹ ڈیزل 8 روپے 82 پیسے فی لٹرمہنگا ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 90 روپے 69 پیسے فی لٹرسے بڑھ کر 99 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ قیمتوں کے بڑھنے پر شہری حکومت سے شکوہ کرتے نظر آئے۔

دوسری جانب حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی 29 روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے۔ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 203 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے۔ گھریلو سلنڈر 343 روپے مہنگا ہوا ہے۔