Sunday, September 8, 2024

حکومت نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی

حکومت نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی
March 17, 2016
اسلام آباد (92نیوز) چودھری نثار نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو ای سی ایل (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) سے آزاد کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ کا ہے لہٰذا جو فیصلہ عدالت کا ہے وہی حکومت کا بھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے حکومتی اقدامات پر تنقید کا ٹھیکہ لے رکھا ہے۔ پرویزمشرف کوای سی ایل سے آزادکرنے کافیصلہ سپریم کورٹ کا ہے۔ آزاد عدلیہ کے بہت سے فوائدہیں۔ کچھ لوگوں کی ساری سیاست کا محور ٹکرز ہیں۔ ٹکرز کی سیاست سے منفی عمل پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کا نام لیے بغیر کہا پانچ سال حکومت کرنے والوں نے مشرف کو گارڈ آف آنر دیا اور ان کے دور حکومت میں مشرف کو آنے جانے کی کھلی اجازت تھی۔ وزیرداخلہ نے کہا آج ہر طرح کے الزامات لگائے جا رہے ہیں جس کے منہ میں جو آتا ہے بول دیتا ہے۔ پرویزمشرف کا نام پونے دو سال سے ای سی ایل میں ہے۔ جو سپریم کورٹ کا فیصلہ ہوگا وہ حکومت کو بھی قبول ہوگا۔ اس میں گناہ والی کون سی بات ہے۔ مک مکا ہوا ہوتا تو ہمیں عدالت جانے کی کیا ضرورت تھی۔ ہمارا پہلے دن سے موقف تھا کہ مشرف سے ذاتی مسئلہ نہیں۔ اگر کچھ ذاتی تھا بھی تو وہ معاف کر دیا ہے۔ چودھری نثار نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے پر قانونی پہلووں کا جائزہ لیا۔ آج صبح مشرف کی سیٹ بیرون ملک پرواز پر بک تھی۔ قانون کی درستگی کے لیے انتظار کرنا پڑا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشرف کو باہر جانے کی اجازت دیتے ہیں۔ وہ چار چھ ہفتے علاج کے بعد واپس آجائیں گے۔ مشرف کیس کا سامنا کرنے کا پورا ارادہ رکھتے ہیں۔ ہم عدالتی کارروائی کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔