Friday, May 3, 2024

حکومت نے ویج بورڈ ایوارڈ جاری کرنیکا فیصلہ کیا،وزیراعظم نےمنظوری دیدی ، ‏فردوس عاشق

حکومت نے ویج بورڈ ایوارڈ جاری کرنیکا فیصلہ کیا،وزیراعظم نےمنظوری دیدی ، ‏فردوس عاشق
April 22, 2019

لاہور ( 92 نیوز)معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات  فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے ویج بورڈ ایوارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیر اعظم نے منظوری بھی دے دی ہے ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا والے ہمارے پارٹنر ہیں،مسائل مل کر حل کریں گے ، ملک کے ساتھ ساتھ میڈیا انڈسٹری بھی مسائل کا شکار ہوئی ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباددوں گی کہ ارکان پنجاب اسمبلی نے ان پراعتماد کااظہار کیا، پنجاب اسمبلی کے تمام پی ٹی آئی ارکان نے وزیراعلیٰ پر اظہار اعتماد کیا ہے ۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری کے بحران میں حکومت کو صحافیوں کا معاون بننا ہے ، صحافیوں کی مشکلات کا احساس ہے ، صحافتی تنظیموں سے رابطے اور تاریں جوڑنے کے چکر میں ہوں ،وزیراعظم نے مجھے خصوصی طور پر صحافیوں کے پاس لاہور بھیجا ہے  ،حکومت صحافیوں کے جائز مطالبات پورے کرے گی، ہم میڈیا کو جمہوریت کا چوتھا ستون مانتے ہیں ۔

معاون خصوصی وزیر اعظم برائے اطلاعات نے کہا کہ اختلافات ہمارے گھر کی باتیں ہیں،گھر میں طے کرلیں گے ، جو چورن اپوزیشن بیچنا چاہتی ہے وہ بیچ نہیں پائے گی،پارٹی میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنا وزیراعظم کا آئینی حق ہے ، معاشی محاذ پر بین الاقوامی چیلنجز ہیں، وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو عوام دوست بجٹ بنانے کی ہدایت کی ہے ۔