Saturday, May 18, 2024

نیب کو پھر دھوکہ اور فراڈ کیسز کی تحقیقات کا اختیار مل گیا

نیب کو پھر دھوکہ اور فراڈ کیسز کی تحقیقات کا اختیار مل گیا
November 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نیب کو ایک بار پھر دھوکہ اور فراڈ کیسز کی تحقیقات کا اختیار مل گیا، مضاربہ کیسز کی تحقیقات بھی نیب کے حوالے کردیئے گئےـ صدر عارف علوی نے تیسرے نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دیدی۔

نئے ترمیمی آرڈیننس کے مطابق قومی احتساب بیورو کو شہریوں سے دھوکہ اور فراڈ کیسز کی تحقیقات کا پھر اختیار مل گیا۔ آرڈیننس کے اجراء کے بعد فراڈ اور دھوکہ دہی کے کیسز 6 اکتوبر سے پہلے کی پوزیشن پر بحال ہوگئے ہیں۔ مضاربہ کیسز بھی واپس نیب کے حوالے کردیا گیا۔

منی لانڈرنگ کے تمام کیسز پر نیب کو کاروائی کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ احتساب عدالتیں ٹرائل جاری رکھ سکیں گی۔ آصف زرداری، شاہد خاقان، مریم نواز، شہباز شریف کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔ پہلے سے قائم تمام منی لانڈرنگ کے کیسز ویسے ہی چلیں گے۔

نئے ترمیمی آرڈیننس کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے کیسز پرانے آرڈیننس کے تحت جاری رہ سکیں گے۔ شہریوں سے فراڈ اور دھوکہ دہی کے پرائیویٹ افراد بھی دوبارہ نیب کی گرفت میں آگئے ہیں۔ الیکٹرانک ڈیوائسز کی تنصیب تک پرانے سسٹم کے تحت شہادتیں قلمبند کی جائیں گی۔ نیب ترمیمی آرڈیننس پرنٹنگ پریس کو شائع کرنے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے چیئرمین نیب کو عہدے سے ہٹانے کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل سے واپس لیکر صدر مملکت کو دیدیا۔ واضح رہے کہ 6 اکتوبر کے آرڈیننس میں چیئرمین نیب کو ہٹانے کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل کو دیا گیا تھا۔ سپریم جوڈیشل کونسل میں چیئرمین نیب کیخلاف ریفرنس زیر التواء ہے۔