Friday, April 26, 2024

حکومت نے ملکی سالمیت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ، رضا ربانی

حکومت نے ملکی سالمیت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ، رضا ربانی
May 16, 2019
 کراچی (92 نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا حکومت نے ملکی سالمیت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔ سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی حکومت وقت پر کھل کر برسے ۔ کہتے ہیں آئین کے تحت این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے میں کمی نہیں کی جا سکتی۔ آئی ایم ایف سے معاہدے پر تحفظات دور کیے جائیں۔ کراچی میں پریس کانفر نس کرتے ہوئے رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم ختم کرکے ایوب خان کے ڈیولپمنٹ ماڈل اور صدارتی نظام لانے کی کوشش ہورہی ہے۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس موخر کرکے آرڈیننس جاری ہورہے ہیں ، ون یونٹ کے خدشات کی بات کرنیوالا مائنڈسیٹ صدارتی نظام کی بات کر رہا ہے ، پیپلز پارٹی عید کے بعد حکومت کی ناکام پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر آئے گی۔ دوسری طرف سعید غنی نے کہا نااہل حکومت نے 10 ماہ میں ملکی کرنسی کی قدر 31 روپے گرا دی۔ حکومت کرنا اور ملک چلانا نیازی صاحب کے بس کی بات نہیں۔ پیپلزپارٹی نے بھی حکومت کو نشانے پر رکھ لیا۔ رضا ربانی کا کہنا ہے حکومت نے نیشنل سکیورٹی پرسودے بازی کر لی۔ ملکی سالمیت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔ پیپلزپارٹی نے وفاق سے  این ایف سی اورآئی ایم ایف کے معاملے پر پارلیمان کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کر دیا۔ سابق چیئرمین سینیٹ رضاربانی کہتے ہیں فوری  طور پر پارلیمان کا سیشن بلا کر معاہدے کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔