Sunday, September 8, 2024

حکومت نے صفائی میں تعاون کے بجائے کچرا اٹھانے والی گاڑیاں بھی چھین لیں، صفائی مہم سیاست کیلئے نہیں کر رہے: فاروق ستار

حکومت نے صفائی میں تعاون کے بجائے کچرا اٹھانے والی گاڑیاں بھی چھین لیں، صفائی مہم سیاست کیلئے نہیں کر رہے: فاروق ستار
March 11, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) ایم کیو ایم کے رہنما  ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ صفائی مہم میں حکومت نے تعاون کرنے کے بجائے کچرا اٹھانے والی گاڑیاں بھی چھین لیں۔ حکومت نے صفائی کے لئے رکھے گئے 6 ارب روپے کہاں خرچ کیے اس کا بھی حساب لیں گے۔ کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں کی جانب سے صفائی مہم کے آج دوسرے دن کا آغاز ایم کیو ایم کے رہنما  ڈاکٹر فاروق ستار نے کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اپنی مدد آپ کے تحت صفائی مہم کا آغاز کیا ہے۔ وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات سے درخواست ہے کہ ہمارا ساتھ دیں۔ حکومت نے تو ساتھ دینے کے بجائے کچرا اٹھانے والی گاڑیاں بھی چھین لیں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ صفائی مہم سیاست کے لیے نہیں کر رہے۔ کوئی بھی ہمارے ساتھ آنا چاہے تو خوش آمدید کہیں گے۔ کھارادر، مںک، کاغذی بازار، بڑا امام بارگاہ، ایدھی سنٹر، صرافہ بازار کے علاقوں میں جاری ایم کیو ایم کی صفائی مہم میں نوجوان کارکن خواتین کی بڑی تعداد شریک ہے جو کچرا اٹھانے کے ساتھ ساتھ گٹر کے ڈھکن بھی لگا رہے ہیں۔ صفائی مہم دس روز تک جاری رہے گی۔