Wednesday, May 15, 2024

حکومت نے رمضان بازاروں کو سات ارب روپے کی سبسڈی دی، فردوس عاشق اعوان

حکومت نے رمضان بازاروں کو سات ارب روپے کی سبسڈی دی، فردوس عاشق اعوان
April 24, 2021

گوجرانوالہ ( 92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے رمضان بازاروں کو سات ارب روپے کی سبسڈی دی، رواں ہفتے اشیا کی قیمتوں میں واضح کمی ہوئی ہے۔

وجرانوالہ میں رمضان بازار کا دورہ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پانا  ہر حکومت کیلئے چیلنج ہوتا ہے ۔ حکومت نے رمضان بازاروں کو سات ارب روپے کی سبسڈی دی ہے ، سبزی منڈی میں آڑھتی ناجائز منافع خوری کر رہا تھا اب ڈی سی کی نگرانی سے یہ عمل دم توڑ گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں 364 رمضان بازار لگائے گئے ہیں ، ذخیرہ اندوزوں نے ہر رمضان میں جیب کترے بن کر موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ لاہور سے قریب ہوتے ہوئے بھی گوجرانوالہ میں سہولیات کا فقدان ہے ، ماضی میں گوجرانوالہ کے حصے کے فنڈز جاتی امراءمیں لگائے جاتے رہے ۔

وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عمران خان کے دل میں عوام کیلئے درد اور احساس ہے ،وزیر اعظم اس وقت سب سے زیادہ مہنگائی کا چیلنج دیکھ رہے ہیں ،  یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاءسستے داموں فروخت کی جا رہی ہیں ۔