Sunday, May 12, 2024

حکومت نے دھاندلی کے خاتمے کیلئے اپوزیشن سے تجاویز مانگ لیں

حکومت نے دھاندلی کے خاتمے کیلئے اپوزیشن سے تجاویز مانگ لیں
November 12, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے دھاندلی کے خاتمے کیلئے اپوزیشن سے تجاویز مانگ لیں۔ فواد چودھری کہتے ہیں اپوزیشن کیساتھ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جمعہ کے روز میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا وزیراعظم عمران خان ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں الیکشن کے بعد کوئی بھی نتائج پر انگلی نہ اٹھائے۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے، تھکے ہوئے پہلوان طاقت کی گولیاں چاہتے ہیں، مزید بولے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور بلدیاتی انتخابات کا معاملہ زیرغور آیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کورونا کے بعد پوری دنیا میں مہنگائی کی شدید لہر آئی ہوئی ہے، پاکستان واحد ملک ہے جو کامیابی سے کورونا سے نکلا ہے۔ برطانیہ اور امریکا جیسے ممالک مہنگائی کی وجہ سے شدید مشکل میں ہیں۔

فواد چودھری نے کہا دکاندار اور مستری سمیت مزدور کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، فیصلہ کیا گیا ہے جو طبقات مہنگائی کے شکنجے میں زیادہ پھنسے ہیں انہیں وہ سہولیات دی جائیں جو حکومت دے سکتی ہے تاکہ وہ مہنگائی کی شدت سے مقابلہ کرسکیں۔ آج کے اجلاس میں معیشت اور مہنگائی پر فوکس رکھا گیا۔