Sunday, May 12, 2024

حکومت نے خارجہ امور پر ناکامیوں کا انبار لگا رکھا ہے، خواجہ آصف

حکومت نے خارجہ امور پر ناکامیوں کا انبار لگا رکھا ہے، خواجہ آصف
August 24, 2020
لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء خواجہ آصف نے کہا حکومت نے خارجہ امور پر ناکامیوں کا انبار لگا رکھا ہے، کشمیر کے ایشو پر یہ اوآئی سی کا اجلاس بھی نہیں بلاسکے۔ لیگی رہنماء خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نقصان اربوں روپے کا کرتے ہیں اور فائدہ پیسوں میں بتاتے ہیں۔ پچھلے دو سال میں حکومت کی سب سے بڑی ناکامی کشمیر ہے، مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔ ہم نے 1948ء اور 1965ء کی بڑی جنگیں کشمیر کے ایشو پر لڑیں،  کشمیری مقبوضہ وادی میں اس انتظار میں اپنے شہیدوں کو پاکستانی پرچموں  میں دفن کررہے ہیں کہ پاکستان ہماری مدد کو آئے گا۔ خواجہ آصف بولے، سعودی عرب اور یو اے ای میں بڑی تعداد میں پاکستانی کام کرتے ہیں، انہوں نے دونوں ممالک سے تعلقات خراب کرلیے۔ انہوں نے ایک لابی کو خوش کرنے کے لیے دوسرے کو ناراض کیا، بدقسمتی سے دونوں کو ہی ناراض کردیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ یہ ہمیں مودی کا یار کہتے رہے، یہ خود کلبھوشن کے سہولت کار بن گئے، امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات کے ہم خود بھی حامی ہیں، لیکن آپ نے اس حوالے سے کیا کامیابی حاصل کی، آج بھی صرف امریکا سے روایتی تعلق ہے۔ ن لیگی رہنماء نے کہا کہ ان کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے آج پاکستان کا ہاتھ پکڑنے کے لیے کوئی تیار نہیں۔ چین کے ساتھ تعلق اس وقت پاکستان کے لیے لائف لائن ہے، انہوں نے چین کے ساتھ تعلق کا بھی خیال نہیں رکھا۔ اس حکومت نے آتے ہی سی پیک کے خلاف بیانات دینے شروع کردیئے۔ افغانستان اور ایران سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی تعلقات خوشگوار نہیں رکھے۔