Tuesday, April 23, 2024

اسلام آباد میں دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ

اسلام آباد میں دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ
October 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) حکومت پی ٹی آئی کا دھرنا ناکام بنانے کےلئے میدان میں آ گئی۔ اسلام آباد میں ایک مرتبہ پھر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی۔ پولیس کی بھاری نفری جہانگیر ترین کے گھر پہنچ گئی جبکہ عدالتی فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے بینرز اتارے جانے لگے۔ ادھر پی ٹی آئی رہنماوں کا کہنا ہے کہ دھرنا ضرور ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کھل کر ایک دوسرے کے سامنے آ گئیں۔ تحریک انصاف مشن اسلام آباد کےلئے اڑان بھرنے کی تیاریاں کر رہی ہے تو حکومت کھلاڑیوں کے پر کاٹنے کے منصوبے بنا رہی ہے۔ شہر اقتدار کے محاصرے سے پہلے ہی اسلام آباد میں دو ماہ کےلئے دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت جلسے جلوس پر مکمل پابندی ہو گی۔ پانچ سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہو گی جبکہ اسلحہ لے کر چلنے اور لاوڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ ادھر اسلام آباد میں ہی پولیس کی بھاری نفری جہانگیرترین کے گھرپہنچ گئی جس پر جہانگیر ترین نے کہاکہ ان کے گھر پر پولیس بھیجنا حکومت کی بوکھلاہٹ ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور ان کے اتحادی شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کارکن 2نومبر کو بھرپور احتجاج کی تیاری رکھیں‘ ہم فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اسلام آباد انتظامیہ نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے شہر سے تحریک انصاف کے بینرز بھی اتارنے شروع کر دیے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق بینرز اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اتارے جا رہے ہیں۔