Thursday, April 18, 2024

حکومت نے آرمی چیف کی توسیع کیلئے نئی سمری کا مسودہ تیار کر لیا

حکومت نے آرمی چیف کی توسیع کیلئے نئی سمری کا مسودہ تیار کر لیا
November 27, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے آرمی چیف کی توسیع کیلئے نئی سمری کا مسودہ تیار کر لیا۔ سپریم کورٹ کے تمام قانونی اعتراضات دور کیے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں مرکزی قیادت کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینئر وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں قانونی ٹیم نے  سپریم کورٹ کےاعتراضات پربریفنگ ، مدت ملازمت میں توسیع اور تعیناتی سے متعلق سمری اور نوٹیفکیشن میں موجود ابہام پر غور کیا۔ اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق نئی سمری کا مسودہ تیار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے تمام قانونی اعتراضات دور کیے جائیں گے۔ نئی سمری کی منظوری کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے لینے کا امکان ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری میں غلطیوں پر وزیراعظم برہم ہوئے اور کہا سمری کی تیاری میں عدالتی اعتراضات کیوں نظرانداز کیےگئے۔ ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد سمری تیار کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا امکان ہے۔ وزیر اعظم نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا۔