Saturday, May 11, 2024

حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی ذرائع استعمال کریگی، شبلی فراز

حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی ذرائع استعمال کریگی، شبلی فراز
August 21, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) حکومت نے پھر اپوزیشن کو این آر او نہ دینے کا اعلان کردیا، شبلی فراز کہتے ہیں حکومت نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی ذرائع استعمال کریگی، اپوزیشن کا ایف اے ٹی ایف قانون سازی میں ساتھ نہ دینا ملک دشمنی ہوگی۔ وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس ملک کی عوام کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ نواز شریف اپنی بیماری کا بہانہ بنا کر چلے گئے تھے۔ علاج نہیں کرایا، وزارت خارجہ کے ذریعے برطانوی حکومت کو خط لکھا جائے گا۔ نوازشریف کی تصاویر آتی رہتی ہیں، کبھی شاپنگ کرنے جارہے ہیں اور کبھی ہشاش بشاش کافی پی رہے ہیں۔ لندن جا کر علاج تو کیا ایک ایکسرے تک نہیں کرایا گیا۔ پنجاب نے جب میڈیکل رپورٹ مانگی تو وہ اپنی رپورٹ نہیں بھجوا سکے۔ نواز شریف نے بیماری کو بہانہ بنا کر ملک سے فرار اختیار کی۔ نواز شریف کو واپس آ کر عدالتوں کو جواب دینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا مولانا فضل الرحمن اور بلاول سے فون پر رابطہ ہے۔ ہم نیب سے درخواست کریں گے کہ فارن آفس کے ذریعے نواز شریف کو واپس لایا جائے۔ ہماری اب کوششیں تیز ہو چکی ہیں ہم نواز شریف کو واپس لائیں گے۔ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ شبلی فراز بولے کہ اپوزیشن ایف اے ٹی ایف کو استعمال کر کے این آر او چاہتی ہے۔ ایف اے ٹی ایف قوانین پر ساتھ کے بدلے این آر او نہیں ملے گا، اگر اپوزیشن ایف اے ٹی ایف پر ساتھ دیتی ہے تو حکومت پر احسان نہیں کرے گی، اس قسم کی بلیک میلنگ میں عمران خان نہ پہلے آئے ہیں نہ اب آئیں گے۔ اپوزیشن نے کشمیر کے ایشو کو بھی متنازعہ بنایا، عمران خان نے اقوام متحدہ میں تقریر کی اور مولانا فضل الرحمان نے دھرنا دے کر اس میں ٹھنڈا پانی ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے دشمن بھی کہتے ہیں کہ ان کی نیت ٹھیک ہے اور وہ ملک کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم کی پالیسیاں غریب عوام کیلئے ہیں۔ اپوزیشن چاہتی تھی کہ غریب بھوک سے بیشک مر جائیں لیکن کورونا سے نہ مریں۔ اللہ نے اس مشکل سے ہمیں نکال دیا ہے۔ اپوزیشن نے اداروں اور معیشت کو تباہ کیا اسی لئے آج مہنگائی ہے۔ یہ لوگ حکومتوں کو بچانے کیلئے سیاست کرنے آئے ہیں۔ اپوزیشن کو کوئی پرواہ نہیں ہے کہ پاکستان بلیک لسٹ میں آجائے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز سیاسی لیڈر ہیں، انہیں تو وراثت میں لیڈرشپ ملی ہے، نیب نے مریم نواز کو نشان پاکستان دینے کے لیے نہیں بلایا تھا، نیب نے مریم نواز کو سوالات کے جوابات دینے کے لیے بلایا تھا، انہوں نے سوالوں کے جواب دینے کے بجائے پتھراؤ شروع کردیا، سپریم کورٹ کے اوپر بھی ان لوگوں نے ہی حملہ کیا تھا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وزراء نے میڈیا اور عوام کے سامنے بیٹھ کر اپنی کارکردگی پیش کی، اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات پر قومی مفادات قربان کرنے کو تیار ہے۔