Saturday, April 27, 2024

حکومت نواز شریف بارے عدالتی فیصلے کیخلاف فوری اپیل نہیں کر یگی ، فروغ نسیم

حکومت نواز شریف بارے عدالتی فیصلے کیخلاف فوری اپیل نہیں کر یگی ، فروغ نسیم
November 19, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی حکومت نواز شریف سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف فوری اپیل نہیں کرے گی، فروغ نسیم کہتے ہیں اپیل کا حق محفوظ رکھتے ہیں، جس معاملے میں گنجائش موجود نہ ہو اس پر اپیل نہیں کرنی چاہئے، لاہور ہائیکورٹ نے ابھی جنوری میں میرٹ پر فیصلہ دینا ہے، ملک میں علاج ممکن نہ ہو تو بیرون ملک علاج کرانا کسی بھی قیدی کا حق ہے، ایسی مثالیں بھی موجود ہیں۔ وفاقی وزیرقانون نے پریس کانفرنس میں کہا نواز شریف کی سزا معطل ہوئی ہے لیکن ختم نہیں ہوئی، کابینہ نے انسانی بنیادوں پر نوازشریف کوچار ہفتوں کے لیے باہر جانے کی اجازت دی تھی، اس کے لیے حکومت نے 7ارب روپے کا انڈیمنٹی بانڈ مانگا تھا۔ جب سماعت چل رہی تھی تو ہم نے شہبازشریف اور ان کے وکلاء سے کوشش کی کہ کسی قسم کی کوئی بھی گارنٹی دے دیں، عدالت نے انڈرٹیکنگ لے کر نوازشریف کو جانے کی اجازت دی، شہبازشریف نے ہمیں کسی بھی قسم کی گارنٹی دینے سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم نے بہترین کام کیا جو قابل تعریف ہے،منی لانڈرنگ روکنے سے معیشت کو استحکام ملا۔ وفاقی وزیر بولے کہ کریمنل جسٹس سسٹم پر بہتری کیلئے کام کا آغاز ہو چکا ہے معمولی جرائم میں ملوث 65 سال سے زائد العمر افراد کی فہرست صوبوں سے منگوا لی ہے اس کے بعد فیصلہ ہو گا کہ ایسے مجرموں کا کیا کرنا ہے۔ فروغ نسیم کہتے ہیں کہ فرانزک کی بہتری کے لیے کابینہ میں بات کی گئی ہے، فرانزک بہتر ہونے تک انصاف کا نظام ٹھیک نہیں ہوسکتا۔