Friday, March 29, 2024

حکومت مضبوط، اپوزیشن صرف واویلا کررہی ہے، وزیراعلیٰ بزدار

حکومت مضبوط، اپوزیشن صرف واویلا کررہی ہے، وزیراعلیٰ بزدار
October 26, 2021 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے حکومت مضبوط ہے، اپوزیشن صرف واویلا کررہی ہے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان میں ٹینک چوک پر قائم کورونا ویکسی نیشن سنٹر کے دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر صورت 5 سال پورے کرے گی، عوام کے مسائل اور مشکلات کا مکمل احساس ہے، مہنگائی سے نمٹنے کیلئے جلد پیکیج کا اعلان کریں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل بااختیار بنایا جائے گا، مرحلہ وار تمام محکمے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کئے جائیں گے۔ انہوں نے 70 ہزار خالی آسامیاں پر کرنے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے افسران کی کمی پوری کررہے ہیں۔ پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے شکایات پر ایکشن لیں گے۔

وزیراعلیٰ بولے کہ کورونا نے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے، پاکستان نے وباء سے نمٹنے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی۔ کورونا سے بچاؤ کے لئے کورونا ویکسی نیشن واحد راستہ ہے، حکومت پنجاب نے کورونا ویکسی نیشن کے لئے گھر گھر مہم لانچ کردی ہے۔ روزانہ 10 لاکھ افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔ 18 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ دسمبر تک 8 کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ شہری کورونا ویکسی نیشن مہم کامیاب بنانے میں حکومت سے تعاون کریں۔