Saturday, May 11, 2024

مہنگائی کے باعث پارلیمنٹ کے سامنے لوگ بچے بیچ رہے ہیں، فضل الرحمٰن

مہنگائی کے باعث پارلیمنٹ کے سامنے لوگ بچے بیچ رہے ہیں، فضل الرحمٰن
November 13, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) حکومت مخالف تحریک کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا، پی ڈی ایم نے کراچی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے موجودہ حکومت کو ناجائز قرار دے دیا۔

ریگل چوک پر مہنگائی کیخلاف مظاہرے سے پی ڈی ایم رہنماؤں نے خطاب کیا، مولانا فضل الرحمٰن بولے معیشت مستحکم ہو تو قومیں مضبوط ہوتی ہیں، ہم بھیک مانگ کر ملک چلارہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مہنگائی کے ہاتھوں عوام کی حالت خراب ہوچکی، پاکستان کا ہر شہری مایوسی کا شکار ہے، لوگ پارلیمنٹ لاجز کے سامنے بچے بیچنے پر مجبور ہوگئے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا حکومت چوری کے ووٹ سے آئی، یہ نااہل اور نالائق ہے۔ مزید کہا کہ حکمرانوں کو سمندر میں غرق نہ کیا تو ملکی بقاء کا سوال پیدا ہو جائے گا۔ مزید کہا کہ کوئٹہ، پشاور، لاہور اور پھر اسلام آباد بھی جائیں گے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے پاکستان کے تمام مسائل کا حل فوری اور شفاف انتخابات کرانے میں ہے، ملکی مشکلات کی واحد وجہ دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کی چوری ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارا وزیراعظم کہتا ہے لندن میں بہت مہنگائی ہے، بھائی صاحب ہم لندن میں نہیں پاکستان میں رہتے ہیں۔ کھانے پینے کی اشیاء، بجلی اور پٹرول کی قیمتیں کیوں دگنی ہوگئیں؟، اب نوید سنائی گئی ہے عوام کو سردیوں میں تین وقت گیس ملے گی۔