Friday, May 10, 2024

حکومت مخالف تحریک کا معاملہ ، اپوزیشن جماعتوں کا 7 اکتوبر کو کوئٹہ میں میدان سجانے پر غور

حکومت مخالف تحریک کا معاملہ ، اپوزیشن جماعتوں کا 7 اکتوبر کو کوئٹہ میں میدان سجانے پر غور
September 27, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) حکومت مخالف تحریک  کے معاملے پر  اپوزیشن جماعتوں نے سات اکتوبر کو کوئٹہ میں میدان سجانے پر غور شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں   کی جانب سے  پہلا جلسہ 7 اکتوبر کو کوئٹہ میں رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے  ، محمود خان اچکزئی نے 7 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ کرنے کی تجویز دی۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ  سات اکتوبر کو شہدائے تحریک  کا دن ہے ۔ تحریک  شہداء کے دن پر پہلا جلسہ کوئٹہ میں کیا جائے۔ ہم ہر سال سات اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ کرتے ہیں۔

محمود خان اچکزئی  نے کہا کہ  اپوزیشن جماعتوں کو تیاری کے لئے وقت چاہیے تو ایک دو دن کی تاخیر کی جا سکتی ہے ،ذرائع  کے مطابق   جلسے کی تاریخ اور مقام کا اعلان تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیکر کیا جائیگا۔

سات اکتوبر پر تمام جماعتیں متفق ہوئیں تو پہلا جلسہ کوئٹہ میں ہی ہوگا۔واضح رہے کہ اپوزیشن نے کراچی، کوئٹہ، پشاور اور لاہور میں جلسوں کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے۔