Friday, April 26, 2024

حکومت مخالف تحریک، مریم نواز اور شہبازشریف اکٹھے میدان میں اتریں گے

حکومت مخالف تحریک، مریم نواز اور شہبازشریف اکٹھے میدان میں اتریں گے
November 8, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ ن نے حکومت مخالف احتجاج کی تیاریاں شروع کردی ہیں، ذرائغ کے مطابق حکومت مخالف تحریک میں مریم نواز اور شہبازشریف ایک ساتھ اتریں گے، پارٹی قیادت نے تمام اضلاع اور تحصیل کے پارٹی عہدیداروں کو بھی ٹاسک سونپ دیا۔

حکومت مخالف تحریک میں تیزی لانے کے لیے ن لیگ نے حکمت عملی مرتب کرلی، حکومت کے خلاف جارحانہ کردار ادا کرنے کے لئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف سیاسی ماحول کو گرمانے کے لئے مریم نواز پارٹی صدر کے ہمراہ میدان میں ہوں گی۔ پارلیمانی سیاست اور انتخابی معاملات کو شہباز شریف دیکھیں گے۔ حکومت کے خلاف ممکنہ تحریک کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔

ذرائع نے بتایا عوامی سطح پر سیاسی ماحول کر گرمانے اور جارحانہ سیاست کا کردار مریم نواز ادا کریں گی۔ ملک بھر میں عوامی سطح پر احتحاجی جلسے، روڈ کاررواں یا لانگ مارچ ہوئے تو ان میں مریم نواز خطاب کریں گی۔

مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ ن کی قیادت نے تمام اضلاع اور تحصیل کے پارٹی عہدیداروں کو ہدایات جاری کردیں۔

ارکان اسمبلی اور عہدیداروں کو اپنے اپنے علاقوں میں مہنگائی اور بے روز گاری کے ایشو پر لوگوں کو تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ حکومت کے خلاف متوقع لانگ مارچ کے لئے ہر پی پی حلقہ سے دو دو سو کارکنوں کو لانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔