Tuesday, April 16, 2024

حکومت عوام کے فائدے کیلئے ہی گھر بیٹھنے کا کہہ رہی ہے ، شاہ محمود قریشی

حکومت عوام کے فائدے کیلئے ہی گھر بیٹھنے کا کہہ رہی ہے ، شاہ محمود قریشی
March 20, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا حکومت عوام کے فائدے کیلئے ہی گھر بیٹھنے کا کہہ رہی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے۔ احتیاطی تدابیر اپنائیں، خود کو کورونا سے محفوظ رکھیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے احتیاطی تدابیر کے تحت خود کو قرنطینہ کر لیا۔ وزیر خارجہ نے آج تیسرے روز بھی ضروری دفتری امور گھر سے نمٹائے۔ وزیرخارجہ نے قوم سے احتیاطی تدابیر اور حکومتی ہدایات پرعمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعات اور ہجوم والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کیا جائے۔ حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظر رکھیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 92 نیوز کے پروگرام صبح سویرے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفتروں اور اسکولوں میں چھٹیوں کا مطلب یہ نہیں کہ آپ رشتہ داروں کے ہاں چلے جائیں۔ خود کو اور بچوں کو گھروں میں محفوظ رکھیں۔ وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کی حفاظت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ قوم نے ہمیشہ کڑے وقت میں اتحاد اور یکجہتی کا ثبوت دیا۔ امید ہے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں متحد ہو کر سرخرو ہوں گے۔