Friday, April 19, 2024

حکومت شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر رضامند ہو گئی

حکومت شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر رضامند ہو گئی
December 13, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کا ڈیڈ لاک ختم ہو گیا۔ حکومت نے معاملے پر لچک دکھا دی۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہبازشریف چاہیں تو کسی کا نام دیں یا خود چیئرمین پی اے سی بن جائیں۔ شاہ محمو دقریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے اپوزیشن اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے ،تو ہم فیصلے سے پیچھے ہٹ جاتے ہیں، میں نہیں تو کچھ نہیں کی سوچ ملک کو نقصان پہنچائے گی۔ دوسری طرف نیب کے ملزم شہبازشریف کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ ایک بار پھر نیب اور پی ٹی آئی میں چولی دامن کا ساتھ ہونے کا الزام عائد کر دیا۔ بولے شاہ محمود کی بات حقائق کو منہ چڑانے کے مترادف ہے۔ عقل کا اندھا بھی دیکھ سکتا ہے نیب کا منتخب احتساب جاری ہے۔ شہبازشریف کے بیان پر وزیردفاع پرویز خٹک بھی میدان میں آگئے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا شہبازشریف کی باتیں سنتے ہیں تو دکھ ہوتا ہے، نیب اور پی ٹی آئی کا چولی دامن کا ساتھ ہے تو پھر ان کے خلاف تحقیقات کیسے ہو رہی ہیں؟؟۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وہ ثبوتوں کے ساتھ پیش ہورہے ہیں۔ چور نہیں اس لئے کوئی ڈر بھی نہیں ، مجرم ثابت ہوئے تو سزا ملنی چاہئے۔