Thursday, April 25, 2024

حکومت شریف فیملی کی محافط، کرپشن چھپانے کیلئے ٹیکس کے پیسوں کا استعمال عوام کیساتھ زیادتی ہے: عمران خان

حکومت شریف فیملی کی محافط، کرپشن چھپانے کیلئے ٹیکس کے پیسوں کا استعمال عوام کیساتھ زیادتی ہے: عمران خان
April 28, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت شریف فیملی کی محافط بن گئی ہے۔ اپنی کرپشن چھپانے کیلئے شریف فیملی نے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کر دی جبکہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کی ذاتی تشہیری مہم کے خلاف قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا گیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ شریف فیملی نے اپنی کرپشن چھپانے کیلئے ٹیکسوں کے پیسوں سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کر رکھی ہے۔ حیرت ہے کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے۔ شریف فیملی کے پاس اربوں روپے ہیں وہ خود اپنے پیسے کیوں استعمال نہیں کر رہے۔ اپنی کرپشن چھپانے کیلئے بھی عوام کے پیسے لگائے جا رہے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے شریف فیملی کی کرپشن کو چھپانے کیلئے ٹیکس کے پیسوں کا استعمال عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا حکومت شریف فیملی کی محافظ بن گئی ہے۔ نیب کو چاہئے کہ وہ خود اس معاملے کی کاروائی کریں۔ دوسری جانب  پیپلزپارٹی نے اس معاملے پر بحث کرانے کیلئے توجہ دلائو نوٹس قومی اسمبلی میں جمع کرا دیا ہے جس کے متن میں کہا گیا کہ حکومت قومی خزانے سے وزیراعظم اور ان کے خاندان کی بھاری تشہیری مہم چلا رہی ہے، ذاتی ایجنڈا کے لئے قومی خزانے کا بے دریغ استعمال قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔