Thursday, May 2, 2024

حکومت سینٹ الیکشن کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریگی، شبلی فراز

حکومت سینٹ الیکشن کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریگی، شبلی فراز
December 15, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں حکومت سینٹ الیکشن کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہتی ہے سینیٹ الیکشن مارچ یا اس سے قبل ہوجائیں، وزیراعظم چاہتے ہیں الیکشن صاف اور شفاف ہوں۔ سینٹ کے الیکشن ہمیشہ تنازعات کے شکار ہوتے ہیں اور ہارس ٹریڈنگ کے الزامات لگتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں سینیٹ کے الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوں۔ یہ سب جماعتوں کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم بحران کے حوالے سے اگلے ہفتے کمیٹی ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ پیش کریگی۔ کوویڈ کے دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی شارٹیج ہوگئی تھی، وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کا فارمولا آبادی کے لحاظ سے ہوتا ہے، محاصل کی صوبوں میں تقسیم کے بعد وفاق کے پاس زیادہ پیسے نہیں بچتے اور وفاق کو اخراجات پورے کرنے کیلئے قرضہ لینا پڑتا ہے۔ صوبائی حکومتیں جانتی ہیں کہ ہمیں اتنے پیسے مل ہی جائیں گے اس لیے وہ ریونیو بڑھانے کی کوشش نہیں کرتیں۔ صوبوں کے خرچوں کا میکانزم ہونا چاہئے۔

شبلی فراز بولے کہ شہبازشریف سارے پیسے لاہور میں یہ لگا دیتے تھے ایسا بھی نہیں ہونا چاہئے۔ صوبائی بجٹ میں تعین ہونا چاہئے کہ وہ کس مد میں اور کس جگہ پر پیسے لگائیں گے۔ 18 ویں ترمیم میں رہ جانے والے سقم کو بھی دیکھنا چاہئے۔ میں 18ویں ترمیم ختم کرنے کی بات نہیں کررہا، اگر کوئی سقم ہے تو اسے دور ہونا چاہئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ریلیف فنڈ پر بھی بات ہوئی، وزیراعظم کوویڈ فنڈ میں اکٹھا ہونے والا پیسہ احساس ایمرجنسی پروگرام پر خرچ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں سبسڈی ٹارگٹڈ ہونی چاہئیں، ہم ایسا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں جو مختلف اُمور میں کام آئے گا۔ اِس ڈیٹا بیس کے ذریعے انہی لوگوں کو سبسڈی ملے گی جو مستحق ہوں گے۔

 اُنہوں نے کہا کہ جلسے کی ناکامی کی وجہ یہی تھی کہ لوگ بہت باشعور ہیں، لوگ کسی کی ذاتی جنگ میں اپنا کندھا نہیں دیتے۔ جلسے کی بری طرح ناکامی کا میڈیا بھی گواہ ہے۔ جلسے کی ناکامی کے بعد ایک دوسرے پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ اِن کا ایک ناقابل عمل قسم کا ایجنڈا تھا، ان کے اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ محموداچکزئی کا اپنا ایجنڈا تھا، انہوں نے لاہور میں آکر لاہوریوں کیخلاف باتیں کیں، اُنہوں نے میڈیا کو دھمکیاں دیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔