Sunday, September 8, 2024

حکومت سندھ کا محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ایک سال میں 4 کروڑ کا پٹرول پی گیا !!! کوئی ریکارڈ موجود نہیں

حکومت سندھ کا محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ایک سال میں 4 کروڑ کا پٹرول پی گیا !!! کوئی ریکارڈ موجود نہیں
August 20, 2015
کراچی (92نیوز) فشریز اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بعد اس بار کرپشن کا انکشاف ہوا محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں جہاں بد عنوانی کی بہتی گنگا میں محکمے کے افسران نے خوب ہاتھ دھوئے۔ سالانہ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک سال میں محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے چار کروڑ روپے سے زائد کا پٹرول ایسے اڑا دیا جس کا کوئی ریکارڈ بھی موجود نہیں۔ نہ تو گاڑیوں کی فہرست فراہم کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی لاگ بک۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق چار کروڑ بیاسی لاکھ ستاون ہزار روپے محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن میں پٹرول کے نام پر ہڑپ کئے گئے۔ محکمے کے افسران نے پٹرول کارڈ من پسند افراد اور دوستوں میں تقسیم کئے جو پٹرول پمپ سے جاکر منظور شدہ پیٹرول کی رقم وصول کرلیتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق پٹرول کی مد میں تمام ادائیگیاں شاہراہ فیصل پر واقع نور پٹرولیم کو کی گئیں مگر چار کروڑ روپے کی خطیر رقم کی ادائیگیوں کی کوئی انوائس تک موجود نہیں ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کے افسران ناکارہ گاڑیوں کے نام پر بھی پٹرول کی رقم ہضم کررہے ہیں۔ محکمہ آڈٹ سندھ نے رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ محکمے کے عدم تعاون کی وجہ سے پٹرول غیرمتعلقہ گاڑیوں کےلئے بھی استعمال کیا جا رہاہے۔