Friday, April 19, 2024

حکومت سندھ اولڈ ایج ہومز کے مکینوں کو تمام سہولیات دے ، سندھ ہائیکورٹ

حکومت سندھ اولڈ ایج ہومز کے مکینوں کو تمام سہولیات دے ، سندھ ہائیکورٹ
December 12, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) سندھ ہائیکورٹ نے حکومت سندھ کو بزرگ افراد کے لئے اولڈ ایج ہومز میں علاج سمیت تمام سہولیات دینے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائیکورٹ نے  ڈی جی نادرا سندھ کو معمر شہریوں کا ڈیٹا فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ، عدالت  نے  چیف سیکرٹری کو تمام امور کا خود جائزہ دینے کا بھی حکم دیا ، سندھ ہائیکورٹ کا کہنا تھا معمر شہریوں کی فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ۔ بزرگ افراد کیلئے اولڈ ایج ہوم میں سہولیات کی عدم فراہمی کا معاملہ  پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی ، عدالت نے حکومت سندھ کو طبی سمیت ہر قسم کی سہولت یقینی بنانے  اور ہر ضلع کے اولڈ ایج ہوم کیلئے ضروری فنڈز بھی جاری کرنے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا قانون ایسا بنا دیا کہ دنیا ہی جنت لگنے لگتی ہے  ، صرف قانون بنانے سے کچھ نہیں ہوتا  ، عملدرآمد بھی کرنا ہوتا ہے ، سندھ حکومت طبی سہولیات دینے سے متعلق طریقہ کار بھی مرتب کرے ۔ عدالت نے اولڈ ایج ہومز کی فلاح و بہبود کیلئے آگاہی مہم چلانے کا بھی حکم دیا ۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ معمر شہریوں کیلئے آزادی کارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے  جبکہ نادرا سے معمر شہریوں کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہے ۔