Friday, April 19, 2024

حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم دینے پر راضی ہو گئی

حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم دینے پر راضی ہو گئی
November 22, 2016

اسلام آباد (92نیوز) معمولی ٹیکس کی ادائیگی پر رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو اربوں کھربوں کا کالا دھن سفید کرنے کا موقع دینے کیلئے ایمنسٹی اسکیم جاری کرنے کی تیاری مکمل کرلی گئی۔ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو تین سے چار فیصد ٹیکس کی ادائیگی پرکالا دھن سفید کرنے کا موقع دیا جائے گا اورذرائع آمدن بھی نہیں پو چھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس عبد المنان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ ذیلی کمیٹی نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے متعلق تجاویز تیار کرلیں۔ وفاقی حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو ٹیکس ایمنسٹی دینے پر راضی ہوگئی ہے۔

اسکیم کے تحت رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو معمولی ٹیکس ادائیگی پر کالا دھن سفید کرنے کی اجازت ہو گی۔ ڈی سی اور ایف بی آر ریٹس کے درمیان فرق پر 3 سے 4 فیصد کی شرح سے ٹیکس لگانے اور مرحلہ وار جائیداد کی قیمتوں کو مارکیٹ نرخوں پر کیا جائے گا۔

رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ جائیداد پر ٹیکسوں کی شرح میں کمی کی جائے۔ کمیٹی کنونیئر میاں عبد المنان کا کہنا تھا کہ منگل کو قو می اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ میں تجاویز کو پیش کیا جائے گا اور پارلیمنٹ کے رواں سیشن میں بل منظوری کیلئے پیش کردیا جائے گا۔

رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو نیشنل ٹیکس نمبر سے مشروط کیا جائے اورجائیداد کی قیمتوں کے قانون کو تین ماہ کے لئے موخر کردیا جائے۔