Monday, May 13, 2024

حکومت جھوٹ سے اعدادوشمار بدل سکتی ہے لیکن زمینی معاشی حقائق نہیں ، شہباز شریف

حکومت جھوٹ سے اعدادوشمار بدل سکتی ہے لیکن زمینی معاشی حقائق نہیں ، شہباز شریف
May 30, 2021

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے حکومت جھوٹ سے اعدادوشمار بدل سکتی ہے لیکن زمینی معاشی حقائق نہیں۔

حکومتی معاشی ترقی کے دعوے اپوزیشن نے مسترد کر دیئے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا حکومت جھوٹ سے اعدادوشمار بدل سکتی ہے لیکن زمینی معاشی حقائق کو بدلا نہیں جا سکتا ۔آئی ایم ایف کے مطالبات کو بجٹ کا نام دے کر عوام پر مسلط نہیں ہونے دیں ۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کو ہدایت کی کہ حکومتی معاشی کارکردگی بے نقاب کی جائے ۔ شہبازشریف نے کہا اکنامک ایڈوائزری کونسل عوام دشمن بجٹ منظور ہونے سے روکنے کے لئے حکمت عملی کا جائزہ لے ۔ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی زبوں حالی سے عوام کو درپیش سنگین مشکلات اجاگر کی جائیں۔ بجلی، گیس، ادویات، علاج، تعلیم اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشرا اضافے کے حقائق کو اُجاگر کیا جائے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا عمران صاحب ہمت کر کے 2018 اور 2021 کے معاشی اعدادوشمار کا موازنہ جاری کریں اور آئینہ دیکھیں۔ نالائق ، جھوٹی اور کرپٹ حکومت نے پہلے معیشت تباہ کی اور اب تباہ شدہ معیشت پہ فخریہ ٹویٹ کرتے ہیں ۔ معیشت کی تباہی، بربادی اور اسے زمیں بوس کرنے کے بعد ہر روز جھوٹ بولنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوتی ۔ 5.8 فیصد پر ترقی کرتی معیشت اور 3 فیصد پر مہنگائی کی شرح والی معیشت کو 3 سال میں آپ نےمنفی 0.4 اور 16 فیصد مہنگائی پر پہنچا دیا ۔