Wednesday, May 8, 2024

حکومت جو معیار سیٹ کر رہی ہے انہیں بھگتنا پڑیگا ، مریم نواز

حکومت جو معیار سیٹ کر رہی ہے انہیں بھگتنا پڑیگا ، مریم نواز
November 2, 2020
لاہور(92 نیوز)مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نوازنے کہا کہ حکومت جو معیار سیٹ کر رہی ہے انہیں بھگتنا پڑے گا ، کم ظرف لوگ تیس سال سے یہ باتیں کر رہے ہیں لیکن ہمارا خاندان اکٹھا ہے اور رہے گا۔ مریم نواز احتساب عدالت میں شہبازشریف اور حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کے لئے پہنچیں،مریم نواز کمرہ عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے گلے ملیں اور چچا نے ان کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا،نائب صدر ن لیگ نے کہا جو لوگ ش لیگ ن لیگ م لیگ کی باتیں کرتے تھے اُن کو پیغام مل گیا ہے کہ ہم اکٹھے ہیں۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں نائب صدر کا کہنا تھا کہ حکومت جمہوری قیادت سے خوفزدہ ہے، منہ پر ہاتھ پھیرکر چھوڑوں گا نہیں کہنے والوں کا انتقام واضح نظر آ رہا ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہابکتر بند گاڑیوں میں پیشی ثبوت ہے کہ عمران خان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اور ان کو پسینہ آ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمرہ عدالت میں نواز شریف کا شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا،صدر ن لیگ نے بھائی کو کیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا،نواز شریف نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے بھی بات کی۔