Sunday, April 28, 2024

حکومت جعلی مینڈیٹ سے آئی،اسرائیلی طیارے کی عمان حکومت نے تصدیق کی،فضل الرحمان

حکومت جعلی مینڈیٹ سے آئی،اسرائیلی طیارے کی عمان حکومت نے تصدیق کی،فضل الرحمان
October 28, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) مولانافضل الرحمان نے حکومت پر لفظی گولہ باری کرتے ہوئے کہا کہ  ٹھگوں کی حکومت جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدارمیں آئی، اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی تصدیق عمان کی حکومت بھی کر چکی ہے، ہم نےپہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان کی حکومت کا مطلب یہودی لابی کی حکومت ہو گی۔ مشن آل پارٹیز کانفرنس پر نکلے مولانا فضل الرحمان نے  لاہور میں حکومت کے خلاف خوب دل کی بھڑاس نکالی ، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ  نے حکومت کو ٹھگ قرار دے دیا۔ فضل الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں کا مینڈیٹ جعلی ہے،  روپے کی قدر میں کمی سے عام آدمی  بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا کہناتھا کہ عمان کی حکومت اس بات کی  آدھی تصدیق  کر چکی ہے، ہم نے تو پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ عمران خان کے وزیر، اعظم بننے کا مطلب یہودی لابی کی حکومت ہے۔ اس سے پہلے مولانا فضل الرحمان نے جاتی امرا میں مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف سے ملاقات میں انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی، ان کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اے پی سی کی تاریخ اور مقام کا اعلان کریں گے۔