Saturday, April 20, 2024

حکومت جاتی محسوس ہوئی تو انہیں مذاکرات یاد آگئے، مریم نواز

حکومت جاتی محسوس ہوئی تو انہیں مذاکرات یاد آگئے، مریم نواز
December 11, 2020

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے وزراء نے ان سے رابطہ کیا ہے، حکومت جاتی محسوس ہوئی تو انہیں مذاکرات یاد آگئے، اِس حکومت سے مذاکرات نہیں ہونے چاہیئں۔

ن لیگی رہنماء مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو  میں کہا، بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ دادی کی وفات پر افسوس کیلئے آئے، بلاول سے پرسوں کے جلسے پر بات چیت ہوئی، ہمارا پلان بڑھے گا تو حکومت کی گھبراہٹ بھی بڑھتی جائے گی۔ پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ کو کہتے ہیں راستے سے ہٹ جائے، کٹھ پتلی وزیراعظم اسلام آباد میں اکیلا کھڑا ہے۔ حکومت کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، خون خرابا نہیں چاہتے۔

ملتان میں بھی اسٹیڈیم کو سیل کیا گیا تھا، پی ڈی ای کی پُرامن تحریک ہے، حکومتی ہتھکنڈوں سے حکومت کو گھر جانے کی جلدی ہو جائے گی۔ حکومتی وزراء ن لیگ سے رابطےکررہے ہیں تاہم اِن کی بات سننے میں دلچسپی نہیں۔ تین سال خدائی لہجے میں کہتا رہا این آر او نہیں دوں گا، وہ اب این آر او مانگ رہا ہے۔

جعلی اور ووٹ چوروں سے اب بات نہیں ہوگی، ہم قیدی رہے اور سزائیں بھگت کر آئے ہیں۔ ہر محاذ پر فیل حکومت جاتی نظر آرہی ہے تو حکومت کو آج این آر او نظر آ رہا ہے۔ واضح الفاظ میں کہہ دوں 13 دسمبر کو مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا۔

اِدھربلاول بھٹو بولے پی ڈی ایم تحریک کا پہلا فیز کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، استعفوں پر سی ای سی کے اجلاس میں حتمی فیصلہ ہوگا۔ حکومت سےبات کرنےکاوقت گزرگیا،13 دسمبر کے بعد تحریک کا دوسرا فیزشروع ہوگا۔