Friday, April 26, 2024

حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب

حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب
October 24, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید نے تصدیق کر دی۔

شیخ رشید نے کہا گرفتار افراد کو رہا کر دیا جائے گا۔ تمام بند راستے کھول دیئے جائیں گے۔ منگل تک مطالبات کو حتمی شکل دے دیں گے۔ طے پایا یہ لوگ منگل کی شام تک پُرامن احتجاج کریں گے۔

قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں سعد رضوی سے مذاکرات کے لیے حکومتی ٹیم کوٹ لکھپت جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ٹیم میں ایک وفاقی اور ایک صوبائی وزیر شامل ہو گا۔

 ادھر کالعدم تنظیم کا قافلہ لاہور سے نکلنے کے بعد شہر میں انٹرنیٹ سروسزمکمل طور پر بحال کردی گئیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

وزارت داخلہ نے قافلے کےراستےمیں آنیوالےشہروں میں انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کالاشاہ کاکو، مریدکے، کامونکی، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات میں انٹرنیٹ سروسز بند رہیں گی۔

وزیر آباد جی ٹی روڈ پر انتظامیہ نے خندق کھود ڈالی۔ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ مختلف مقامات پر بلاک ہے۔ جی ٹی روڈ مریدکے اور ظفرعلی چوک جنڈیالہ کے قریب بلاک ہے۔ گجرات میں دریائے چناب کے ٹال پلازہ پر بھی جی ٹی روڈ بند ہے۔ جہلم ٹول پلازہ اور سرائےعالمگیر نہر کا پل بھی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ راولپنڈی کی شاہراہوں پر رکاوٹیں رکھی گئی ہیں۔ مری روڈ، فیض آباد سے آنے اور جانے کیلئے دونوں اطراف مکمل طور پر بند ہیں۔ اسلام آباد، سرینہ چوک اور ڈی چوک پر بھی کنٹینرز رکھ دئیے گئے، تاہم ایکسپریس وے دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے کھلی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کو مظاہرین سے محفوظ رکھنے کیلئے وزارت داخلہ نے ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ دیگر صوبوں سے بھاری نفری طلب کرلی گئی تھی۔ پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا سے پولیس کے 30 ہزار جوان مانگے گئے ہیں۔