Monday, May 13, 2024

حکومت اور فوج میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان

حکومت اور فوج میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان
October 14, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق قیاس آرائیاں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور فوج میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین کو ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر اعتماد میں لیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت سے تعلقات مجھ سے بہتر کسی کے نہیں، تمام معاملات طے پا چکے،ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی پر تکنیکی خامی دور کر دی گئی ہے۔  

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور مہنگائی پر بھی بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا وزیراعظم نے بتایا ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹیفکیشن جلد جاری ہوگا، حالات ٹھیک ہیں، ہمارے اور فوج کے درمیان انڈراسٹینڈنگ ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ڈی جی آئی ایس آئی پر معاملات طے پاچکے، بہترین سول ملٹری تعلقات کا کریڈٹ آرمی چیف کو بھی جاتا ہے۔