Saturday, April 20, 2024

حکومت اور دھرنا قائدین کے مابین معاہدہ طے پا گیا

حکومت اور دھرنا قائدین کے مابین معاہدہ طے پا گیا
November 27, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) زاہد حامد وزیر قانون کے عہدے سے مستعفی ہو گئے ۔ وزیراعظم نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ حکومت اور دھرنے والوں کے درمیان اہم معاہدہ بھی طے پا گیا ۔
حکومت اور دھرنے والوں کے درمیان چھ نکات پر اتفاق ہوگیا ۔ معاہدہ طے پایا اور بالآخر بائیسویں روزدھرنا ختم ہو گیا ۔
دھرنے والوں کا سب سے بڑا مطالبہ پورا ہوا اور وزیرقانون زاہد حامد نے استعفی دیا جو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منظور کر لیا ۔ خبر سامنے آئی تو دھرنا ختم ہونے کے عمل میں بھی پیش رفت کا آغاز ہوا۔
حکومت اور دھرنا قائدین کے معاہدے کے مطابق راجا ظفرالحق کی انکوائری رپورٹ 30 دن میں منظرعام پر لائی جائے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی ۔ حکومت نے ملک بھر میں گرفتار تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کو رہا کرنے، ان کیخلاف درج مقدمات اور نظربندیاں ختم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔


یہی نہیں بلکہ 25 نومبر 2017 کو ہونے والے ایکشن کے خلاف انکوائری بورڈ تشکیل دیا جائے گا جو 30 روز میں ذمہ داروں کا تعین کرے گا اور سزا دی جائے گی ۔
سرکاری غیر سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ بھی وفاقی اور صوبائی حکومت کرے گی ۔ معاہدے پر وزیرداخلہ احسن اقبال، علامہ خادم حسین رضوی اور پیرافضل قادری کے دستخط موجود ہیں۔