Thursday, March 28, 2024

حکومت اور تحریک لبیک میں معاہدہ کے تحت فرانس کےخلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش

حکومت اور تحریک لبیک میں معاہدہ کے تحت فرانس کےخلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش
April 21, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) حکومت اور تحریک لبیک میں معاہدہ کے تحت فرانس کےخلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی گئی۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نے قرارداد پیش کی۔ متن میں کہا گیا کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر ایوان میں بحث کی جائے۔ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کا معاملہ اجتماعی طور پر بین الاقوامی فورموں پر اٹھایا جائے۔ امجد علی خان نے معاملے پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست بھی کی جس پر وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی بنانے کی تحریک پیش کی۔ ایوان نے خصوصی کمیٹی بنانے کی تحریک منظور کر لی جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ یورپی ممالک اور فرانس کو اس معاملے کی سنگین سے آگاہ کیا جائے۔ تمام مسلم مالک سے معاملے پر سیر حاصل بات کی جائے۔ توہین رسالتﷺ کے مسئلے کو اجتماعی طور پر بین الاقوامی فورمز پر اُٹھایا جائے۔

اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی تقاریر کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ قرارداد ابھی منظور نہیں ہوئی ہے۔ اپوزیشن اس پر تجاویز دے ۔ قرارداد پر مشاورت کرلیں اسے متفقہ آنا چاہیے۔ قومی اسمبلی کی کارروائی جمعہ تک ملتوی کر دی گئی۔