Friday, April 26, 2024

حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات میں پیشرفت نہ ہو سکی، دونوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار

حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات میں پیشرفت نہ ہو سکی، دونوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار
November 5, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت نہ ہو سکی۔ دونوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور رہر کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بغیر مثبت پیشرفت ختم ہو گیا۔ دونوں فریقین کے درمیان اسلام آباد میں ایک گھنٹے کی بیٹھک ہوئی اور کسی نے لچک نہ دکھائی۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے حکومتی کمیٹی جبکہ جمعیت علماء اسلام ف کے رہنما اکرم درانی نے رہبر کمیٹی کی سربراہی کی۔

 دوران مذاکرات اپوزیشن نے ایک مرتبہ پھر اپنے مطالبات کو دہرایا جو حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے مسترد کردئیے اور وزیر اعظم کے استعفی اور نئے انتخابات کے مطالبات کو غیرآئینی قرار دے دیا۔

پریس کانفرنس میں دونوں فریقین نے ڈیڈ لاک کا اعتراف کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کے آئین میں اسلامی دفعات شامل کرنے اور انتخابی اصلاحات میں مزید بہتری کیلئے قانون سازی کے مطالبات مان لیے ہیں۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی وزیراعظم سے ایک مرتبہ پھر رہنمائی حاصل کرے گی جبکہ رہبر کمیٹی میں شامل جماعتیں اپنی اپنی پارٹی قیادت کو آگاہ کریں گی جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان اج دوبارہ ملاقات ہو گی۔