Wednesday, April 24, 2024

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا فارمولا طے پا گیا

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا فارمولا طے پا گیا
January 17, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملے پر برف پگھل گئی۔ قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا فارمولا طے پا گیا۔ مجموعی طور پر 47 پارلیمانی و قائمہ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ پارلیمانی کمیٹیوں کی سربراہی حکومتی اراکین کے پاس رہے گی۔ قومی اسمبلی کی 40  میں سے 19  کمیٹیاں اپوزیشن اور 21 حکومت کو ملیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے کمیٹیوں کے قیام سے متعلق قومی اسمبلی میں تحریک پیش ہو گی جسکی منظوری کے بعد کمیٹیوں کے چئیرمینوں کا انتخاب شروع ہو جائے گا۔ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، حقوق نسواں، الیکشن کمیشن کے اراکین کے تقرر، دھاندلی کی تحقیقات، سی پیک اور کشمیر سے متعلق پارلیمانی کمیٹیوں کی سربراہی حکومت کرے گی۔ اسپیکر اسد قیصر قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی ، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری قومی اسمبلی کی ہاؤس اینڈ لائیبریری کمیٹی کے چئیرمین ہونگے۔ ذرائع نے بتایا کہ 9 کمیٹیوں کی سربراہی ن لیگ کو ملے گی اور کسی سابق وزیر کو کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنایا جائے گا۔ پیپلزپارٹی نے بھی اپنے متوقع چئیرمینوں کی فہرست اسپیکر کو دے دی اور خارجہ امور کمیٹی کیلئے بلاول بھٹو کا نام تجویز کر دیا۔