Monday, September 16, 2024

حکومت اور اپوزیشن نے انکم ٹیکس چوری پر گٹھ جوڑ کرلیا

حکومت اور اپوزیشن نے انکم ٹیکس چوری پر گٹھ جوڑ کرلیا
April 18, 2016
اسلام آباد (92نیوز) انکم ٹیکس چوری کو منی لانڈرنگ قرار دینے کی ترمیم پر حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر آگئے۔ انکم ٹیکس چوری منی لانڈرنگ نہیں ہوگی۔ ترمیم روک دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے انکم ٹیکس چوری کو منی لانڈرنگ قرار دینے پراپوزیشن جماعتوں کے ساتھ سمجھوتہ کرلیا ہے۔ اپوزیشن نے انکم ٹیکس چوری کو منی لانڈرنگ قرار دینے کی مخالفت کی تو حکومت نے اپوزیشن کی ہاں میں ہاں ملا کر اس ترمیم کوروک دیا ہے۔ وزارت خزانہ نے انکم ٹیکس چوری کو منی لانڈرنگ کا جرم قرار دینے کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ءمیں ترامیم کا مسودہ تیارکیا تھا جس کے تحت انکم ٹیکس چوروں پر منی لانڈرنگ کا قانون لاگو کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ جھوٹا ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے پر تین سال قیداورایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا تجویز کی گئی تھی۔ جان بوجھ کر یا غیر دانستہ طور پر این ٹی این کا غلط استعمال بھی منی لانڈرنگ کے زمرے میں آنا تھا۔ قومی ٹیکس نمبر کے غلط استعمال پر 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا کی سفارش کی گئی تھی جب کہ کسی دوسرے شخص کا این ٹی این نمبر استعمال کرنے پر دو سال قید کی سزا کی تجویز دی گئی تھی تاہم اپوزیشن جماعتوں نے اس کی مخالفت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن نے جان بوجھ کر ان ترامیم کو روک دیاہے جب کہ آئی ایم ایف انکم ٹیکس کو منی لانڈرنگ قرار دینے پر بار بار زور دے رہا ہے۔