Sunday, September 8, 2024

حکومت اور اپوزیشن میں چار الیکشن کمیشن ارکان کیلئے چوبیس ناموں کا تبادلہ

حکومت اور اپوزیشن میں چار الیکشن کمیشن ارکان کیلئے چوبیس ناموں کا تبادلہ
July 13, 2016
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کےلئے حکومت اور اپوزیشن نے ایک دوسرے کو چوبیس نام دے دیے۔ کس کس کے نام ہیں یہ ابھی راز رہے گا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فیصلہ کیا ہے کہ نام میڈیا کو نہیں بتائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن نے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کےلئے ایک دوسرے کو چوبیس نام دیے ہیں۔ دونوں نے فیصلہ کیا کہ جب تک چار نام فائنل نہیں ہوتے ایک بھی نام سامنے نہیں لایا جائیگا۔ اپوزیشن لیڈر نے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کو بھی ناموں سے آگاہ کیا۔ اپوزیشن کے اجلاس میں بھی نام سامنے لائے گئے اور اتفاق کیا گیا کہ ابھی نام میڈیا کو نہیں بتائے جائیں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ہر صوبے سے تین‘ تین نام وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو دیے۔ اسی طرح اسحاق ڈار نے بھی چاروں صوبوں سے تین‘ تین نام دیے۔ چوبیس میں سے بارہ نام شارٹ لسٹ ہونگے۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر حتمی مشاورت کرینگے۔ دونوں نے چاروں صوبوں کےلئے چار ناموں پر اتفاق کر لیا تو نام منظوری کےلئے وزیر اطلاعات پرویز رشید کی سربراہی میں 12رکنی کمیٹی کو بھیجے جائینگے۔ کمیٹی سے منظوری کے بعد نام نوٹیفکیشن کےلئے سپیکر قومی اسمبلی کے پاس جائینگے۔ اگر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ناموں پر اتفاق نہ کرسکے تو پارلیمانی کمیٹی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائیگا۔ پارلیمانی کمیٹی کی صوابدید ہو گی کہ وہ تمام ناموں کا جائزہ لیکر اپنی مرضی سے چار ارکان مقرر کر دے۔