Thursday, April 18, 2024

حکمرانوں کے بچے کہتے تھے کرپشن ضروری ہے ، فیاض الحسن چوہان

حکمرانوں کے بچے کہتے تھے کرپشن ضروری ہے ، فیاض الحسن چوہان
November 19, 2018
لاہور (92 نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکمرانوں کے بچے کہتے تھے کرپشن ضروری ہے۔ کرپشن کی روک تھام کے حوالے سے الحمرا ہال میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیراطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان کرپشن پر بات کرتے ہوئے سیاستدانوں پر خوب برسے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ اور بد دیانت سیاستدان اپنا نام جمہوریت رکھ لیتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے اپنے روایتی انداز میں شہباز شریف اور انکے صاحبزادے پر لفظوں کے نشتر چلا دیئے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ذہنی معذور خادم اعلیٰ نے پنجاب کی بیوروکریسی کا بیڑا غرق کر دیا۔ فرزند خادم اعلیٰ نیب آفس میں اس طرح پیش ہوتے ہیں جیسے کشمیر فتح کر کے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کرپشن اور بد دیانتی پر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے آصف زرداری اور نواز شریف جیسے حکمران سامنے آتے ہیں۔ کوئی میٹر ریڈر تو کوئی سینما میں ٹکٹ بلیک کرنے والا سیاستدان ہے۔ ہماری تباہی اور بربادی کرپشن کی وجہ سے ہوئی۔ کرپشن کیس میں عدالت پیش ہونے والا وکٹری کا نشان بناتا ہے۔ ڈائریکٹر نیب سید محمد حسنین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک تین سو ارب روپے ریکور کر کے خزانہ میں جمع کروائے جا چکے ہیں۔ معزز مہمانوں کی جانب سے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔