Saturday, April 20, 2024

 حکمرانوں نے قوم پرستی کا جنازہ نکال دیا : اختر مینگل

 حکمرانوں نے قوم پرستی کا جنازہ نکال دیا : اختر مینگل
May 21, 2016
  کوئٹہ(92نیوز)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے جس سرزمین کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں وہاں کے حکمرانوں اور بیورو کریسی کے گھروں کی ٹینکیوں سے پیسے نکلتے ہیں حکمرانوں نے قوم پرستی کا جنازہ نکال دیا۔ تفصیلات کےمطابق کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کر تے ہوئے بی این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حالیہ کرپشن نے ریکارڈ قائم کر دیا ہے کرپشن کا بازار گزشتہ کئی دہائیوں سے گرم ہے اور یہاں سب نے بہتی گنگا میں صرف ہاتھ نہیں دھوئے بلکہ ڈبکیاں لگائی گئی ہیں ۔ سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ ہماری بد قسمتی ہے کہ ہم پر ایسے حکمران مسلط کئے گئے جنہوں نے قوم پرستی کا جنازہ اٹھا دیا ہے اقتصادی راہداری سے متعلق پہلے بھی اے پی سی میں تحفظات کا اظہار کیا اب 12 جولائی کو سیمینار کا انعقاد کر کے اے پی سی میں کئے گئے وعدے یاد دلائیں گے ۔ بی این پی کے سربراہ   کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے سے متعلق خود متحدہ اپوزیشن دستبردار ہو رہی ہے ہمیں بیگانی شادی میں عبداللہ بننے کا کوئی شوق نہیں۔