Thursday, April 25, 2024

حویلیاں میں حادثے کا شکار طیارے میں خرابیوں کا انکشاف

حویلیاں میں حادثے کا شکار طیارے میں خرابیوں کا انکشاف
November 19, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) حویلیاں میں حادثے کا شکار طیارے میں خرابیوں کا انکشاف ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے طیارے کا ایک انجن بند اور دوسرے کا بلیڈ ٹوٹا ہوا تھا۔ حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار پی آئی اے طیارے کی تحقیقات چار سال بعد مکمل ہو گئی۔ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بورڈ کی تحقیقاتی رپورٹ میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے۔ رپورٹ کے مطابق اے ٹی آر طیارے کا ایک انجن بند ہو گیا جبکہ دوسرے کا بلیڈ ٹوٹا ہوا تھا، طیارے کے انجن کو 10 ہزار گھنٹے مکمل ہونے پر اوور ہال نہیں کیا گیا، طیارے کے انجن کا بلیڈ پشاور سے چترال جاتے ہوئے ٹوٹا جبکہ چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے نے چترال سے اسلام آباد کے لیے اُڑان بھری تو انجن کی پاور ٹربائن کا اسٹیج ون بلیڈ یعنی (PT 1 )  ٹوٹ کراپنی جگہ سے ہٹا جس سے پاور ٹربائن شافٹ کی گردش متاثر ہوئی جب کہ او ایس جی پن بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔ انجن آئل میں ایندھن کی آلودگی شامل ہونے سے دوران پرواز خرابی پیدا ہوئی ۔ 7 دسمبر 2016 کو ہونے والے اس حادثے میں معروف مذہبی اسکالر جنید جمشید اور عملے سمیت 48 مسافر جاں بحق ہوئے تھے۔