Thursday, March 28, 2024

حّوا کی بیٹیوں کیلئے بھارت دنیا کا غیر محفوظ ملک قرار

حّوا کی بیٹیوں کیلئے بھارت دنیا کا غیر محفوظ ملک قرار
June 26, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) حّوا کی بیٹی کیلئے بھارت دنیا کا غیر محفوظ ملک قرار دے دیا گیا ، صرف دارالحکومت نئی دہلی میں ہر دو گھنٹے میں ایک خاتون کو اغوا کرلیا جاتا ہے، خواتین سے زیادتی، جنسی ہراساں  اور تشددکرنے والے ٹاپ 10 ممالک میں امریکا بھی شامل ہے۔ ساڑھے پانچ سو عالمی ماہرین کی رائے پر مشتمل تھامسن رائٹرز فاؤنڈیشن کے سروے رپورٹ نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعوے داروں کا  کچا چٹھا کھول دیا ، جس میں جنسی تشدد، ہراساں کیے جانے، ذہنی اور گھریلو تشدد سمیت خواتین کو درپیش مختلف قسم کے خطرات پر سوالات کئے گئے تھے  ۔ سروے نتائج میں بھارت  کو خواتین کیلئے دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیا گیا ہے ، جہاں صرف دارالحکومت نئی دہلی میں یومیہ دس خواتین کو اغوا کیا جاتا ہے ، یہاں 18 سے 30 سال کی خواتین سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں ۔ رپورٹ میں افغانستان دوسرے، شام تیسرے،  صومالیہ چوتھے اور سعودی عرب پانچویں نمبر پر ہیں  ، پاکستان اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے ۔ خواتین کیلئے 10 بدترین ممالک میں سے 9 ایشیائی، مشرق وسطیٰ  یا افریقی خطے میں واقع ہیں ، اس  فہرست میں امریکا واحد مغربی ملک ہے جو دسویں نمبر پر ہے ۔ اس سروے کی ضرورت می ٹو مہم کے بعد محسوس کی گئی  جس کے ذریعے دنیا بھر سے ہزاروں خواتین اپنے ساتھ پیش آئے جنسی ہراسانی کے واقعات منظر عام پر لائیں ۔