Friday, April 19, 2024

حنیف عباسی کی سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں موجودگی کی تحقیقات مکمل

حنیف عباسی کی سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں موجودگی کی تحقیقات مکمل
September 24, 2018
راولپنڈی( 92 نیوز )ایفی ڈرین کیس میں  سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں موجودگی کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔ اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی جیل فیروز شوکت اور اے آئی جی ملک صفدر نواز پر مشتمل 2رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے حنیف عباسی کی سپریٹنڈنٹ جیل  کے کمرے میں موجودگی کی تحقیقات مکمل کرلیں۔ تحقیقاتی کمیٹی نے  سپریٹنڈنٹ جیل  بے گناہ قراردیتے ہوئے کلین چٹ دیدی جبکہ سارا ملبہ پچاس سے زائد اہلکارپرڈال دیا۔تحقیقاتی رپورٹ میں تمام قصور وار اہلکاروں کیخلاف  محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اہلکار وی آئی پی افسران کو موبائل ڈیوائسزاور دیگر اشیا فراہم کرتے تھے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حنیف عباسی کو انکوائری کمیٹی کی سفارش پر اٹک جیل منتقل کیا گیا ہے۔ واضح رہےکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدرکی 19ستمبر 2018ء کو رہائی کے وقت اڈیالہ جیل میں ایفیڈرین کیس میں سزا کاٹنے والے حنیف عباسی کی نواز شریف اور دوسروں کے ساتھ تصاویر کوکئی نیوز چینل پر براہِ راست دکھانے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی جاری کر دیا گیا تھا۔