Sunday, September 8, 2024

حمل میں صحت بخش غذا کا استعمال نومولود میں دل کے امراض کا خطرہ کم کر دیتا ہے: تحقیق

حمل میں صحت بخش غذا کا استعمال نومولود میں دل کے امراض کا خطرہ کم کر دیتا ہے: تحقیق
August 26, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) سائنسی جریدے ”آرکائیوز آف ڈیزیزز“‘ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اگر خواتین حمل سے قبل اور دوران حمل صحت بخش غذا کا استعمال کریں تو نوزائیدہ بچوں میں دل کے امراض کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔ محققین نے صحت بخش خوراک میں تازہ مچھلی، پھل، خشک میوہ جات اور سبزیوں کو شامل کیا ہے۔ اس سے قبل حاملہ خواتین کو پہلے سے ہی یہ مشورہ دیا جاتا رہا ہے کہ وہ مخصوص اضافی چیزوں کا استعمال کریں۔ بچوں میں پیدائشی نقائص جیسے ریڑھ کی ہڈیوں میں خلا سے بچنے کےلئے ماہرین فولک ایسڈ اور مضبوط ہڈیوں اور دانتوں کےلئے وٹامن ڈی استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ تحقیق امریکہ میں 19 ہزار حاملہ خواتین پر کی گئی ۔ تحقیق کے دوران حاملہ خواتین کی خوراک اور اس کے بچے پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ تجربے میں شامل نصف خواتین کے بچے دل کے امراض کا شکار تھے جبکہ نصف خواتین کے بچوں میں ایسا نہیں تھا۔ جب محققین نے ان دونوں گروپوں کی خواتین کی خوراک کا جائزہ لیا تو انہیں یہ پتہ چلا کہ صحت بخش خوراک کا استعمال کرنے والی خواتین کے بچوں میں پیدائشی طور پر دل کے امراض کا تناسب کم تھا۔