Thursday, May 9, 2024

حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع

حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع
August 1, 2019
لاہور ( 92 نیوز) رمضان شوگر ملز کیس میں  حمزہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کر دی گئی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد وسیم اختر نے بطور ڈیوٹی جج رمضان شوگر ملز کیس پر سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا،کیا تمام ملزم عدالت میں موجودہیں؟۔ شہباز شریف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا نہیں جج صاحب سینیٹ کے انتخابات کیلئے شہباز شریف اسلام آباد میں ہیں۔ ایڈووکیٹ امجد پرویز نے کہا پہلے تو یہ قانون ہوتا تھا کہ اسمبلی ممبر کا کیس ووٹنگ کے دوران نہ رکھا جائے،سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن لیڈر کی موجودگی آئینی ذمہ داری ہے اس لئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ معزز جج نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت نو اگست تک ملتوی کر دی۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے مؤقف اختیار کیا میں ایک عام شہری اور گنہگار انسان ہوں،مجھ پر کرپشن کا الزام لگا رہے ہیں،اگر یہ ثابت کر دیں تو عدالت اور قوم سے معافی مانگ لوں گا،کرپشن ثابت کرنے کا سوال چھوڑ کر جا رہا ہوں جس کا قیامت تک جواب نہیں دے سکیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں بولے حکومت ہر میدان میں ہار چکی ہے،روٹی سستی کرنے کا کہنے والوں نے پٹرول مہنگا کر دیا۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اگست تک توسیع کرتےہوئے سماعت ملتوی کر دی۔