Saturday, April 20, 2024

حمزہ شہباز کیخلاف ایک اور انکوائری کھل گئی

حمزہ شہباز کیخلاف ایک اور انکوائری کھل گئی
August 19, 2019
لاہور ( 92 نیوز) نیب لاہور نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو چودھری شوگر ملز میں شامل تفتیش کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ،ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز  سے چودھری شوگر ملز کے ذریعے بیرون ملک منتقل ہونے والی رقم سے متعلق سوالات کیے گئے۔ رہنما ن لیگ حمزہ شہباز کےخلاف نیب لاہور نے چوتھی انکوائری شروع کردی ، نیب کی جانب سے چودھری شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے  ۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز کو چودھری شوگر ملز سے بھی کروڑوں روپے کی ادائیگیاں ہوئی، اسی ضمن میں حمزہ شہباز سے چودھری شوگرملز کے ذریعے بیرون ملک منتقل ہونے والی رقم سے متعلق سوالات کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز سے پوچھا گیاہے کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے روبرو چودھری شوگر ملز کے شیئرز کو ظاہر کیوں نہیں کیا؟، چودھری شوگر ملز کی رقم کس اکاؤنٹ میں آتی تھیں،حمزہ شہباز سے چودھری شوگر ملز میں شیئرز انوسٹمنٹ سمیت دیگر کے متعلق تفصیلات بھی پوچھیں گئیں۔ ذرائع کے مطابق نیب حمزہ شہباز  کیخلاف رمضان شوگر ملز ،منی لانڈرنگ اور آمدن  سے زائد اثاثہ جات  میں انکوائری کررہا ہےجس کی رپورٹ آئندہ پیشی پر  احتساب عدالت کےروبرو جمع کروائے گا  ۔