Thursday, April 25, 2024

حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ماڈل ٹاؤن آئی نیب ٹیم کی عدالتی حکم پر 5گھنٹے بعد واپسی

حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ماڈل ٹاؤن آئی نیب ٹیم کی عدالتی حکم پر 5گھنٹے بعد واپسی
April 6, 2019

لاہور ( 92 نیوز) حمزہ شہباز  کی گرفتاری کےلئے ماڈل ٹاؤن آئی نیب کی  ٹیم عدالتی حکم کے بعد پانچ گھنٹے بعد واپس گئی،مسلم لیگ ن کے کارکن آپے سے باہرہوکر پولیس اہلکاروں کودھکے دیتے رہے۔

قائدحزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری کےلئے ماڈل ٹاؤن آئی نیب کی  ٹیم عدالتی حکم کے بعدواپس چلی گئی ، نیب کی ٹیم حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لئے 24 گھنٹے میں دوسری باران کی رہائش گاہ پرپہنچی۔

نیب کے اعلیٰ افسر اور اہلکار دو گاڑیوں میں آئے، ان کے ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی، اینٹی رائٹ فورس اور رینجرز کی نفری بھی پہنچی۔

حمزہ شہباز کی رہائش کے باہر لیگی کارکنان آپے سے باہر ہوگئے ، کارکنوں نے پولیس کیساتھ تلخ کلامی کی اور جوانوں کو دھکے دیے ،پولیس کے ساتھ دھکم پیل میں ن لیگی رہنما وحید گل زخمی بھی ہوئے۔

کارکنوں کے پولیس کے تصادم کے بعد اینٹی رائٹ فورس کی مزید نفری طلب کرلی گئی ، کارکنوں نےحمزہ شہباز کی رہائش کے مرکزی گیٹ کے باہر دھرنا دیا۔

مسلم لیگ ن کی خواتین  حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتی رہیں جبکہ  عظمیٰ بخاری نے حکومت کو شدیدتنقید کانشانہ بنایا۔

حمزہ شہباز کے وکیل عطا اللہ تارڑ کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اور نیب کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہورہاہے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت کی منظوری کے بعد نیب کی ٹیم پانچ گھنٹے بعد واپس روانہ ہوگئی۔