Friday, May 17, 2024

حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ، ٹرائل کورٹ سے زیرالتوا مقدمات کی تفصیلات طلب

حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ، ٹرائل کورٹ سے زیرالتوا مقدمات کی تفصیلات طلب
January 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ میں حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت کے کیس میں احتساب عدالت سے ٹرائل مکمل ہونے کی مدت سے متعلق جواب طلب کر لیا گیا۔

جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے احتساب عدالت میں مقدمات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 2 عدالتوں میں 46 مقدمات زیرالتواء ہیں۔ حمزہ شہباز کا کیس 44 ویں نمبر پر ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ نیب مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دے چکی۔ نیب بتائے کہ حمزہ شہباز کیس کا ٹرائل کب مکمل ہو گا۔

حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ان کے مؤکل ایک سال 7 ماہ سے جیل میں ہیں۔ مقدمہ ہفتے میں 2 دن چل رہا ہے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ میرٹ پر بات نہ کریں تو بہتر ہے۔ کیس میں جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ شرمناک ہیں۔ ٹرائل کی سطح پر کوئی آبزرویشن نہیں دینا چاہتے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹرائل مکمل ہونے تک ملزم کو جیل میں رکھنا بھی مناسب نہیں۔ پرانے مقدمات چھوڑ کر نئے کیسز پہلے چلانا بھی مناسب نہیں۔ ملزم پیش نہ ہو تو نیب اسکی ضمانت منسوخی کیلئے رجوع کرے۔

نیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ ملک بھرمیں 30 نئی احتساب عدالتیں بننے جارہی ہیں جس سے مقدمات کا بوجھ تقسیم ہو گا۔ حمزہ شہباز کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ان کے مؤکل کو ضمانت دے تاکہ مقدمہ چلانے میں سہولت مل سکے۔ جسٹس مشیرعالم نے کہا کہ احتساب عدالت کی رپورٹ آنے دیں۔ معلوم ہو سکے ٹرائل کب تک مکمل ہو گا۔

عدالت نے سماعت 2 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔